منگل 20 اکتوبر 2026 - 15:29
حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو انفرادی، خاندانی اور سماجی زندگی میں اپنائیں: حجۃ الاسلام ناصر خلج

حوزہ/ حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر خلج نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو سمجھنے اور اسے اپنی انفرادی، خاندانی اور سماجی زندگی میں اپنانے کا بہترین موقع ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر خلج نے کہا ہے کہ ایام فاطمیہ، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو سمجھنے اور اسے اپنی انفرادی، خاندانی اور سماجی زندگی میں اپنانے کا بہترین موقع ہے۔ روزانہ قرآن کی تلاوت، ضرورت مندوں کی مدد، لوگوں کے مسائل حل کرنے، رشتوں میں انصاف اور دوسروں کو ترجیح دینے جیسے اعمال آپؑ کی سیرت کے اہم سبق ہیں۔

حرم مطہر میں منعقدہ ایک مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا تمام مؤمنین اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے لیے بہترین نمونۂ عمل ہیں۔ آپؑ سے محبت کا حقیقی اظہار اسی وقت ہوتا ہے جب انسان اپنے اخلاق، خاندانی تعلقات اور سماجی برتاؤ کو آپؑ کی سیرت کے مطابق بنائے۔

روزانہ قرآن کی تلاوت ضروری ہے

حجۃ الاسلام خلج نے کہا کہ قرآن مجید سے گہرا تعلق حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کی نمایاں خصوصیات میں سے تھا۔ اہل بیت علیہم السلام سے محبت کرنے والوں کو چاہیے کہ وہ روزانہ قرآن پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ ابتدا میں چند صفحات کی تلاوت بھی کافی ہے، بشرطیکہ اس میں پابندی ہو۔ قرآن صرف تلاوت کی کتاب نہیں، بلکہ زندگی کے مختلف معاملات میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

انفاق صرف مالی مدد تک محدود نہیں

انہوں نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنا صرف مال خرچ کرنے کا نام نہیں، بلکہ علم، صلاحیت، سماجی اثر و رسوخ اور اپنی عزت و اعتبار کو استعمال کرکے لوگوں کے مسائل حل کرنا بھی انفاق ہے۔ کسی ضرورت مند کو روزگار دلانا، دو خاندانوں کے درمیان اختلاف ختم کرانا اور پریشان حال شخص کی مدد کرنا بھی نیکی کی صورتیں ہیں۔

انہوں نے اہل بیتؑ کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو دوسروں کی مدد کرتے ہوئے یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ اپنا کچھ کھو رہا ہے، بلکہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا برکت اور روحانی ترقی کا ذریعہ ہے۔

خاندان اور معاشرے میں دوسروں کا خیال رکھیں

حجۃ الاسلام خلج نے کہا کہ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ گھر اور کام کی جگہ پر دوسروں کی صلاحیت اور حالات کا خیال رکھا جائے اور ان پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔ اسی طرح انسان کو خود غرضی سے بچتے ہوئے دوسروں کی ضروریات کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔

انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی اس سیرت کی طرف توجہ دلائی کہ آپؑ دوسروں کے لیے دعا کرتی تھیں اور انہیں اپنے اوپر ترجیح دیتی تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اہل بیتؑ سے محبت کو عملی کردار میں ڈھالنا چاہیے اور قرآن سے تعلق، ضرورت مندوں کی مدد، انصاف اور دوسروں کی خیرخواہی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha